لاہور (22 جنوری 2026): پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے لاہور سمیت پنجاب بھر کے تھیٹرز کو وارننگ جاری کر دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے تھیٹرز کو اوقات کار کی پابندی اور کیمرے فعال رکھنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
جاری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ جو تھیٹر ہال ڈرامہ اوقات کار کی پابندی نہیں کرے گا یا کیمرے بند کرے گا اسے سیل کر دیا جائے گا۔
ترجمان کونسل کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کے تھیٹرز کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کو تھیٹر لے جانے پر پابندی عائد
واضح رہے کہ اپریل 2025 میں وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ تھیٹرز کے نام پر کسی کو فحاشی اور بے حیائی پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے، مالکان معاہدے کے مطابق تھیٹرز کو چلانے کے پابند ہیں جو خلاف ورزی کریں گے انہیں تھیٹر چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ تھیٹرز مالکان عید پر شہریوں کو اچھی اور معیاری تفریح فراہم کریں، غیر قانونی اور بغیر لائسنس کسی کو تھیٹرز چلانے کی اجازت نہیں، جو غیر قانونی یا بغیر لائسنس تھیٹرز چلائے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی، جلد خود بھی مختلف اضلاع کے تھیٹرز کے سرپرائز وزٹ کروں گی۔
11 اپریل 2025 کو انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ تھیٹرز کے حوالے سے نیا قانون آئندہ ہفتے آ رہا ہے، پنجاب سینسر بورڈ آئندہ 2 سے 3 روز میں ازسرنو تشکیل دیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ مجھ سمیت پنجاب کا ہر شہری چاہتا تھیٹرز کا ماحول فیملی کیلیے ہو، ایسے تھیٹرز ڈرامے بننے چاہئیں جہاں لوگ فیملیوں کے ساتھ جائیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ جو تھیٹرز میں فحاشی پھلائے گا اس کو پہلے 3 نوٹس دیے جائیں گے اور پھر تھیٹرز پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


