پیر, نومبر 17, 2025
اشتہار

پنجاب 90 فیصد کوریج کے ساتھ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن میں سرفہرست

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پنجاب 90 فیصد کوریج کے ساتھ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن میں سرفہرست ہے ، 67 لاکھ بچیوں کو ویکسین لگائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ایچ پی وی ویکسین کیچ اپ مہم کا آج آخری روز ہے۔ ویکسین نہ لگوانے والی بچیوں کے والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قریبی مراکزِ صحت سے اپنی بچیوں کو حفاظتی ٹیکہ لگوائیں۔

محکمہ صحت کے مطابق پنجاب 90 فیصد کوریج کے ساتھ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن میں ملک بھر میں سرفہرست رہا۔

وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ای پی آئی ٹیم کو کامیاب مہم پر مبارکباد دی، جب کہ مشیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ تمام چیلنجز کے باوجود ٹیم نے دن رات محنت کر کے 9 سے 14 سال کی 67 لاکھ بچیوں کو ویکسین لگائی۔

ان کا کہنا تھا کہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین اب معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات میں شامل کر دی گئی ہے اور یہ 9 سال کی بچیوں کے لیے لازمی حصہ ہوگی۔

خواجہ عمران نے کہا کہ ای پی آئی پنجاب کی ویکسینیشن فہرست میں یہ 13ویں ویکسین ہے، اکستان میں سروائیکل کینسر 15 سے 44 سال کی خواتین میں دوسرا عام کینسر ہے تاہم یہ دنیا کا واحد کینسر ہے جس سے ویکسین کے ذریعے بچاؤ ممکن ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایچ پی وی ویکسین عالمی ادارہ صحت سے تصدیق شدہ ہے اور دنیا کے 147 ممالک اسے معمول کے ٹیکہ جات میں شامل کر چکے ہیں۔ سعودی عرب، قطر، یو اے ای، کویت، لیبیا اور مراکش بھی یہ ویکسین استعمال کر رہے ہیں۔

مشیر صحت پنجاب نے والدین کو ہدایت کی کہ وہ صرف مستند ذرائع یا کوالیفائیڈ معالج سے مشورہ کریں کیونکہ کچھ ڈیجیٹل اتائی انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔

محکمہ صحت نے مزید معلومات کے لیے ہیلتھ لائن 1033 اور قومی ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں