لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں قتل کے دو مجرمان کو پھانسی اور ایک کی سزائے موت مؤخر کردی گئی۔
ساہیوال میں قتل کے مجرم اشرف کو علی الصبح سینٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، مجرم اشرف نے انیس چورانوے میں ذاتی رنجش پر ایک شخص کو قتل کیا تھا جبکہ ساہیوال ہی میں سزائے موت کے ایک اور قیدی مقصود احمد کی پھانسی کو روک دیا گیا ہے ۔
جیل حکام کے مطابق مجرم مقصود کی مقتول کے لواحقین سے صلح کی اپیل پر پھانسی مؤخر کی گئی ہے، بہاولپور کی سینٹرل جیل میں بھی قتل کے ایک مجرم کو اس کے منطقی انجام تک پہنچادیا گیا ہے، مجرم نے معمولی تنازع پر خاتون کو قتل کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک ملک کی مختلف جیلوں میں 200 سے زائد مجرمان کو پھانسی دی جا چکی ہے۔