لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے تاہم یہ سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم متعدد علاقوں میں نشیبی مقامات زیرِ آب آگئے اور بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
لاہور میں پیکو موڑ، پنڈی اسٹاپ، قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ، اکبر چوک، ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، لنک روڈ اور فیروزپور روڈ کے اطراف تیز اور موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
ساہیوال، جڑانوالہ، کبیروالا، شجاع آباد، پیرمحل، دنیاپور، ملتان، چیچہ وطنی، فیصل آباد، رینالہ خورد، جلالپور بھٹیاں، احمد پور شرقیہ، گجرات، اوکاڑہ، قصور، صفدرآباد، سرائے عالمگیر اور وزیر آباد سمیت کئی شہروں میں بھی بارش ہوئی۔
ملتان، مظفرگڑھ، شجاع آباد، جلالپور بھٹیاں اور گجرات میں بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ فیصل آباد اور مظفرگڑھ کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ چیچہ وطنی میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور مزید بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی،لاہور،اسلام آباد، پشاور،دیر،چترال اورسوات میں مزیدبارش کی پیش گوئی کی ہے۔ جبکہ کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


