ماسکو : روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے پاکستان اور روس کے تعلقات کو دونوں ممالک کے لیے حقیقی معنوں میں مفید قرار دیتے ہوئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماسکو کے گرینڈ کریملن پیلس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ ماسکو کا پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے، تعلقات حقیقی معنوں میں دونوں کیلئے مفید ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا مکمل رکن ہے، جو اقتصادی، تکنیکی اور انسانی وسائل کے لحاظ سے خطے کی سب سے بڑی تنظیم ہے۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ پاک روس تعلقات کی مضبوطی نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ علاقائی استحکام کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
پاکستان میں روسی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر صدر پیوٹن کا یہ اہم بیان شیئر کیا۔
یہ بیان پاکستان کے سفیر برائے روس، فیصل نیاز ترمذی کے صدر پیوٹن کو اپنی اسناد پیش کرنے کی تقریب کے موقع پر سامنے آئے، جو ماسکو کے گرینڈ کریملن پیلس میں منعقد ہوئی تھی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


