کراچی: سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئر مین ذاکر علی شاہ کو عہدے سے ہٹا کر سابق چیئر مین قادر بخش رند کو دوبارہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین ذاکر علی شاہ کو بک بورڈ کےچیئر مین کے عہدے سے ہٹا کر اسپیشل سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے جب کہ اِ ن کی جگہ سابق چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ قادر بخش رند کو دوبارہ چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ مقرر کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قادر بخش رند 2004-2003 کے دوران بورڈ کے سیکریٹری رہے بعد ازاں ترقی پا کر چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ مقرر ہوئے اور 2007-2008 تک اپنی خدمات انجام دیتے رہے اس دواران کے دوران مبینہ طور ہر کتب کی چھپائی اور ترسیل میں کروڑ روپے کرپشن کے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد انہیں عہدے سے فارغ کردیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق قادر بخش رند کے دور میں بورڈ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات سامنے آئے تھے۔قادر بخش رند کے خلاف اینٹی کرپشن میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔
حال ہی میں ہٹائے گئے چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ ذاکر علی شاہ نے بہ طور اسپیشل سیکرٹری اپنا چارج سنبھال لیا ہے تا ہم اُن کے عہدے سے ہٹانے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہو سکا ہے۔
صوبہ سندھ میں بیوروکریسی کے تبادلوں اور بار بار عہدوں میں تبدیلی سے ادارے کے معاملات تعطل کا شکار رہتے ہیں جس کی سزا عوام الناس کو بھگتنا پڑتی ہے۔