کراچی: متحدہ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے یوم شہدا کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ایک تھی اور ایک ہی رہے گی‘ کارکنان نے قربانیاں تقسیم کے لیے نہیں دیں‘ ہم اپنے شہیدوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قمر باجوہ سابق آرمی چیف کی جانب سے کیے گیے وعدے کی پاسداری کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی گراؤنڈ میں منعقدہ یوم شہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان بنانے کے لئے ہمارے آباؤ اجداد نے 20 لاکھ جانیں دیں جبکہ ایم کیو ایم کے کارکن آج بھی گرفتار ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ظلم کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اور کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ آج کا دن بہت اہم ہے، ہم تمام شہیدوں اور اُن کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔
فاروق ستار نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا جارہا ہے‘ ملک میں ستر سال سے استحصالی نظام قائم ہے، کراچی کے عوام پالیسی بنانے والوں اور ارباب اختیار سے انصاف کے طلب گار ہیں۔
ایم کیو ایم کے کنوینر نے کہا کہ 23 اگست کی تقریر اور اظہار لاتعلقی کے فیصلے کا نتیجہ 2018 میں سامنے آئے گا جب عوام ہم پر دوبارہ بھروسہ کریں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے شہدا کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے ‘‘۔
پڑھیں: ’’ کارکنان پرامن طور پر منتشر ہوجائیں، ندیم نصرت کی اپیل ‘‘
آفتاب احمد کے ماورائے عدالت اور تحقیقات کے حوالے سے فاروق ستار نے امید ظاہر کی کہ جنرل قمر باجوہ سابق آرمی چیف کے وعدے کو پایہ تکیمل تک پہنچاتے ہوئے آفتاب احمد قاتلوں کو کیفر کردار تک ضرور پہنچائیں گے۔