اسلام آباد (13 جون 2026): پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بکتستان میں انتخابی نتائج کو بدلنے کی کوشش کیے جانے کا دعویٰ کر دیا۔
گلگت بلتستان انتخابی عمل پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات اور سارا گلگت بلتستان ہر چیز سے آگاہ ہے، ہماری جیتی نشستوں پر نتائج روک کر 3 بار دوبارہ گنتی کے احکامات دیے گئے، انتخابی نتائج بدلنے کی کوشش جا رہی ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نتائج بدلنے کے بادشاہ کون ہیں، لیڈرشپ مبارکباد دیتی رہی اور وزرا و مقامی قیادت نتائج تبدیلی میں سرگرم رہے، سیاست میں رواداری کے قائل ہیں لیکن اپنا حق لینا جانتے ہیں، ہمارے احتجاج پر فارم 49 جاری ہوا ورنہ فارم 46 اور 47 کا گیم تیار تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی دعوت دے دی
انہوں نے مزید کہا کہ آر او کے آڈیو بیان اور رزلٹ نہ دینے کے احکام موجود ہیں، پیپلز پارٹی نے جی بی کے 12 حلقوں میں واضح کامیابی حاصل کی، دو نشستوں کے نتائج غیر قانونی طور پر روکے گئے، ان نشستوں کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخاب کا حکم کہاں سے آیا؟
قمر زمان کائرہ نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کی دو جیتی نشستوں پر تین بار گنتی کے آرڈر نتائج بدلنے کی کوشش ہے۔


