اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بیان پارٹی پالیسی لگ رہا ہے، وہ ریاست پر حملہ آور ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بیان کی اہمیت ہے اسی لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہم پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، مقدمہ لڑنے کے بجائے میاں صاحب نے بیان داغ گیا۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان سے وفاداری کا حلف اُٹھایا ہے، میاں صاحب برملا کہتے ہیں رازوں سے پردہ اُٹھاؤں گا، انہوں نے اپنے بیان کی تردید اب تک نہیں کی ہے۔
پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ نواز شریف عام طور پر اداروں کے خلاف لوگوں کو اکسا رہے ہیں، انہوں نے آج بھی کہا اپنے موقف پر قائم ہوں، شاہد خاقان عباسی، نواز شریف کو اب بھی اپنا وزیر اعظم کہتے ہیں۔
قمر زمان کائرہ کے مطابق میاں صاحب نے بہت پہلے کہا تھا سینے میں بہت راز ہیں، سول ملٹری تعلقات میں تناؤ بے وجہ نہیں ہوتے، دشمن ملک کا بیانیہ اپنا کر اپنے اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اداروں سے تصادم ہو، نواز شریف اب قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، ن لیگ کو نیب قوانین کو چھیڑنے کی اجازت کوئی نہیں دے گا۔