کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ میاں صاحب کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ اداروں سے تصادم ہو، نواز شریف اب قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو نیب قوانین کو چھیڑنے کی اجازت کوئی بھی نہیں دے گا، جو قوانین ہیں اس کے مطابق فیصلے ہورہے ہیں، موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے میں چند دن ہی باقی رہ گئے ہیں۔
میاں نوازشریف، آپ کو عدالت اور قوم سے جھوٹ بولنے پر نکالا گیا: قمر زمان کائرہ
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی اور نیب نے تفتیش کی تو نواز شریف ان پر برس پڑے، میاں صاحب عدالت خود گئے اب فیصلہ خلاف آیا تو کیوں عدلیہ مخالف بیانات دے رہے ہیں، نواز شریف نے ماضی میں بھی اداروں کے درمیان تصادم کا سوچا، اب شریف خاندان کا دور ختم ہونے والا ہے۔
مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما خسرو بختیار سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ خسرو بختیار اپنا مؤقف خوبصورتی سے بیان کرتے ہیں، ن لیگ نےجنوبی پنجاب صوبہ بنایا اور نہ ہی بہاولپور صوبہ بنایا، جنوبی پنجاب محاذ بنانے والوں نے اچانک ن لیگ کو چھوڑا ہے۔
جب ہم پر حملے ہورہے تھے، ن لیگ طالبان کو خوش کرنے میں مصروف تھی: قمر زمان کائرہ
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب محاذ کیسے اور کیوں بنایا گیا خسروبختیار بہتر جانتے ہیں، جنوبی پنجاب صوبے کا مطالبہ عوام کی دہائی ہے اس میں کوئی شک نہیں، پیپلز پارٹی نے ماضی میں آئینی طور پر اس معاملے پر قراردادیں پیش کیں، عوام کی محرومیوں کو دور کرنا بہت ضروری ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔