لاہور: لاہور جم خانہ کے قاسم علی خان نے گورنرز کپ گالف ٹورنامنٹ جیت لیا، دفاعی چیمپئن سردار مراد خان اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور جم خانہ گالف کورس پر ہونے والے تین روزہ ٹورنامنٹ میں قاسم علی نے 213 نیٹ اسکور کے ساتھ کامیابی حاصل کی، لاہور جم خانہ کے کیپٹن گالف عمر جاوید ضیا رنرز اپ جبکہ رضوان رئیس خان تیسرے نمبر پر رہے۔
امیچور گراس میں حسنین احمد، جونئیر نیٹ میں پی اے ایف کے احمد، سینئرز نیٹ میں میجر قاسم قریشی، ویٹرنز نیٹ میں اعجاز ملک اور لیڈیز نیٹ میں میمونہ تارڑنے کامیابی حاصل کی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ مذہبی ٹورازم کو ترقی دے رہے ہیں جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں کے علاوہ پاکستان دیگر شعبوں میں بھی ترقی کررہا ہے، ملک میں بین الاقوامی سرگرمیاں بحال ہونے کی سب سے بڑی وجہ امن وامان کی صورت حال بہتر ہونا ہے جس کا کریڈٹ تمام متعلقہ اداروں کو جاتا ہے۔