قصور: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے قصور واقعے میں ملوث پانچ ملزمان کو اٹھائیس روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
قصور واقعے میں ملوث پانچ ملزمان کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا، جن میں یحیی ،وسیم، عبیدالرحمان، عتیق الرحمان اور تنزیل الرحمان شامل تھے، پولیس نے ملزمان کے خلاف جنسی زیادتی کے مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات بھی لگائی گئیں ہیں۔
پولیس نے عدالت سے ریمانڈ کی استدعا کی ، جو منظور کرلی گئی اور قصور میں درندگی کا کھیل کھیلنے والے پانچ ملزمان اٹھائیس روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیئے گئے۔
وکیل استغاثہ کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں اور غیرت کی وجہ سے مدعی نہیں بن رہے، بچوں سے زیادتی اور بلیک میلنگ کے الزام میں گرفتار یحیی ،وسیم، عبیدالرحمان، عتیق الرحمان اور تنزیل الرحمان کے خلاف درج مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کرلی گئی ہیں۔ ن
یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت کی جانب سے ضمانت خارج ہونے کے بعد دیگر ملزمان بھی سلاخوں کے پيچھے پہنچ گئے، جس کےبعد اسکینڈل میں ملوث گرفتار ملزمان کی تعداد تیرہ ہوگئی ہے، ملزمان کی دردندگی کا نشانہ بننے والے مزید چار افراد سامنے آگئے، واقعے کے خلاف اب تک سات مقدمات درج ہوچکے ہیں۔