دوحہ(8 مارچ 2026): قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے، جس میں انہوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
عرب نیوز کے مطابق ہفتے کی رات جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق قطری امیر نے صدر ٹرمپ کو خبردار کیا کہ خطے میں تناؤ کا بڑھنا عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین اثرات اور خطرناک نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق اس گفتگو کا محور قطر اور خطے کے دیگر ممالک کو نشانہ بنانے والے حالیہ ایرانی حملوں کے بعد کی صورتحال تھی۔ گفتگو کے دوران امیرِ قطر نے بحران کو قابو میں کرنے اور مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے سفارتی کوششوں کو تیز کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ قطر بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے اور تناؤ کم کرنے کے لیے سیاسی راستوں کی حمایت اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


