کراچی (14 مئی 2026): سندھ قطر اسپتال میں گریڈ ایک سے چار تک کی سرکاری بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر حلقے سے منتخب رکنِ سندھ اسمبلی اعجاز الحق نے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔
ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی کی جانب سے سیکریٹری صحت سندھ کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سرکاری ملازمتوں میں من پسند افراد کو نوازا گیا ہے جب کہ اورنگی ٹاؤن کے مقامی رہائشیوں کو نظر انداز کیا گیا۔
مراسلے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جن امیدواروں کو ملازمتیں دی گئیں، وہ سال 2023 کی منتخب فہرست میں شامل ہی نہیں تھے۔ اعجاز الحق کے مطابق سرکاری قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر میرٹ لسٹ کے تقرریاں کی گئیں، جس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
پولیو بوسٹر ڈوز کی نئی مہم کا آغاز
انھوں نے کہا کہ بعض امیدواروں کو دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال کے بغیر ہی تقرر نامے جاری کر دیے گئے۔ مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے فوری انکوائری شروع کی جائے۔
ایم کیو ایم رکن اسمبلی نے سال 2023 کے بھرتی عمل کا مکمل ریکارڈ اور حتمی میرٹ لسٹ چیک کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے، جب کہ تحقیقات مکمل ہونے تک منتخب امیدواروں کو جاب لیٹرز جاری کرنے کا عمل روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
اعجاز الحق نے مطالبہ کیا کہ اورنگی ٹاؤن کے عوام کو بھرتیوں میں ان کا جائز حق دیا جائے اور پورا عمل منصفانہ اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔


