وزیراعظم کو امیر قطر کا فون، امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیش کش
اسلام آباد: قطر کے امیر تمیم بن حمدالثانی نے وزیراعظم عمران خان کو پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیش کش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر تمیم بن حمدالثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس کے دوران امیر قطر نے پاکستان کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیے گئے بھارتی پائلٹ کے اقدام کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ باہمی امور، خطے میں امن و امان کی صورت حال اور پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Amir of Qatar and PM Khan spoke on phone. Amir appreciated Pakistan’s gesture of releasing the Indian POW and underscored the importance of immediate de-escalation. He offered his facilitation in this regard @MofaQatar_EN
— Dr Mohammad Faisal (@DrMFaisal) March 3, 2019
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان سرد ماحول میں کمی پر زور دیا جس کے لیے انہوں نے ثالثی کی بھی پیش کش کی۔
خیال رہے 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کےدو طیارے مارگرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کوگرفتارکرلیا تھا، جس کے بعد بھارت نے بھی طیاروں کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
بھارتی پائلٹ کو رہائی دینے کے اعلان پر وزیراعظم عمران خان کو دنیا بھر سے پذیرائی ملی اور ابھی نندن کی رہائی کے اعلان کو زبردست اقدام قرار دیا گیا۔