اسلام آباد : قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی نے اپنے ہم منصب شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے عوام کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت پر قطری وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ متعلقہ فریقین میں امن معاہدہ بہت جلد دستخط کیلئے تیار ہوگا، قطر کے وزیر اعظم نے پاکستان کی سفارتی اور امن کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔
گفتگو کے دوران شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے سفارتی کاوشیں مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم اور کلیدی کردار ادا کیا۔
قطری وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قطر، پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر فخر محسوس کرتا ہے، امید ہے ان اقدامات کے نتیجے میں خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔
وزیر اعظم نے امیر قطر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔


