قطر نے آئندہ سال ہونے والے فٹبال ایشیا کپ کی آمدنی اسرائیلی جارحیت کا شکار مظلوم فلسطینیوں کی امداد کے لیے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
غاصب صہیونی ریاست کے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم تو 70 برس سے جاری ہیں تاہم گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جاری درندگی نے تاریخ کے تمام مظالم کو پس پشت ڈال دیا ہے جس میں اب تک 15 ہزار سے زائد مظلوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں نصف سے زائد بچے اور خواتین شامل ہیں۔
اسرائیلی کی زمینی اور فضائی جارحیت کے باعث غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ اسپتال، اسکول، گھر، پناہ گزین کیمپ کچھ بھی اسرائیلی بربریت سے محفوظ نہیں رہا ہے۔ اس ظلم کے خلاف پوری دنیا آواز بلند کر رہی ہے اور امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ایسے میں قطر بھی فلسطینیوں کی امداد کے لیے میدان میں آیا ہے اور اس نے آئندہ سال ہونے والے فٹبال ایشیا کپ کی آمدنی فلسطینیوں کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر میں فٹبال ٹورنامنٹ کی آرگنائزیشن کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ قطر میں ہونے والے ایشین فٹبال کپ میں ٹکٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی فلسطین میں انتہائی ضروری امدادی سرگرمیوں کےلیے عطیہ کریں گے۔
حمد بن خلیفہ الثانی نے کہا کہ قطر فٹبال مشکل ترین وقت میں لوگوں کے لیے ایک معاون طریقہ کار کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا ہے اور ہمیں یقین ہے اس کارپوریٹ سماجی ذمے داری کے اقدام سے سب سے زیادہ فائدہ فسلطینی متاثرین کو ہوگا۔
واضح رہے کہ قطر میں فٹبال ایشیا کپ اگلے سال 12 جنوری سے 10 فروری تک منعقد ہوگا۔