لاہور: اداکارہ قسمت بیگ کے قتل کیس میں گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اداکارہ قسمت بیگ کو پروموٹر مزمل نے قتل کرایا،فائرنگ کیلئے پانچ لاکھ روپے دیئے۔ اداکارہ نے فیصل آباد میں ڈرامہ کرنے لسے انکار کیا تھا، جس پر سبق سکھانے کیلئے فائرنگ کرائی۔
اداکارہ قسمت بیگ کے قتل میں اہم پیشرفت سامنے آئی، اداکارہ کے قتل میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، قتل میں ملوث مرکزی ملزم مزمل نے اعتراف کیا ہے کہ فائرنگ کرانے کے لئے پانچ لاکھ روہے دئیے، قسمت بیگ کو فیصل آباد میں اسٹیج ڈرامے کی پیش کش کی تھی انکار پر سبق سکھانے کے لیے فائرنگ کی۔
مرکزی ملزم مزمل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قسمت بیگ کو قتل کرنے کی نیت سے فائرنگ نہیں کرائی تھی، صرف زخمی کرنا چاہتے تھے۔
یاد رہے گذشتہ روز پولیس نے فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے اداکارہ قسمت بیگ کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم سمیت چارملزمان کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے جس میں مرکزی ملزم رانا مزمل اور اس کے ساتھی رانا فہیم
رانا تجمل اور شاہد جنجوعہ شامل ہیں ۔
مزید پڑھیں : اداکارہ قسمت بیگ قتل‘ چارملزمان گرفتار
پولیس کا کہنا ہے مرکزی ملزم رانا مزمل ہے جس کی اداکارہ کے ساتھ دوستی تھی۔پولیس کاخیال ہےکہ ملزم کوقسمت بیگ کی دوسروں سے دوستی پسند نہیں تھی۔
خیال رہے کہ وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے بھی یہی کہا تھا کہ قسمت بیگ کے قتل میں شوبز سے وابستہ لوگ ہیں ۔
مزید پڑھیں : اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ دم توڑ گئیں
واضح رہے کہ لاہور کی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کو دو روز قبل ہربنس پورہ کے علاقے میں تھیٹرسے واپسی پر نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔