پیر, ستمبر 7, 2026
اشتہار

مزار قائد 3 سال بعد عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (7 اگست 2026): تین سال قبل سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر شہریوں کے لیے بند کیے گئے مزار قائد کو دوبارہ عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ورثہ و ثقافت سے متعلق سینیٹ کی ذیلی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سید وقار مہدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مزارِ قائد اور اس کے اطراف کے علاقوں سے متعلق انتظامی، ترقیاتی، صفائی، سکیورٹی اور مالی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ مزارِ قائد نہ کمرشل ہے اور نہ ہی رہائشی، اس کے باوجود بجلی کا بل غیر معمولی طور پر زیادہ آ رہا ہے، سکیورٹی وجوہات کی بنا پر مزارِ قائد تین سال تک عام شہریوں کے لیے بند رہا، کراچی کمشنر اور دیگر حکام سے مشاورت کے بعد اسے سکیورٹی پروٹوکول کے تحت دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ مزارِ قائد کے اطراف کا علاقہ اور حفاظتی باڑ خستہ حالی کا شکار ہے، جبکہ گراؤنڈ سیاسی جلسوں کے لیے استعمال ہوتا ہے اور اس کی فیس بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے سیاسی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے گراؤنڈ کی فیس مناسب رکھنے اور اطراف میں چوری کی روک تھام کے لیے سکیورٹی کیمرے نصب کرنے کی سفارش بھی کی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے دو کروڑ روپے بھی مزارِ قائد کی ضروریات کے لیے ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزارِ قائد قومی ورثہ ہے، اس لیے تمام صوبوں کو اس کی دیکھ بھال میں اپنا مناسب حصہ ڈالنا چاہیے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کمیٹی مزارِ قائد کے لیے خصوصی گرانٹ کی سفارش کرے گی اور اس حوالے سے سفارشات تمام وزرائے اعلیٰ کو بھی ارسال کی جائیں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں