کوئٹہ : اے آر وائی نیوز نے کوئٹہ چرچ حملہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی، فوٹیج میں دو خودکش حملہ آوروں کو واردات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، مذکورہ فوٹیج تحقیقات کے حوالے سے کافی اہمیت کی حامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر واقع چرچ پر دہشت گردوں کے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے جس میں دہشت گردوں کے چہرے اور ان کا حلیہ صاف دکھائی دے رہا ہے۔
فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک حملہ آور نے سردی کے موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شال میں کلاشنکوف چھپا رکھی تھی، شال اوڑھے اس حملہ آور نے کلاشنکوف نکال کر چرچ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
چوکیدار نے خطرہ بھانپ کر حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگرد کے داخل ہونے سے پہلے ہی گیٹ بند کردیا، اس دوران گیٹ پر اپنے ساتھی کو کھڑا دیکھ کر دوسرا دہشت گرد بھی وہاں پہنچ گیا۔
سیکیورٹی اہلکار کی حاضردماغی سے دہشت گرد آسانی سے چرچ میں داخل نہ ہوسکا، بعد ازاں ایک دہشت گرد گیٹ کو پھلانگ کر چرچ میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کردی۔
،مزید پڑھیں : کوئٹہ چرچ حملہ: 9 افراد جاں بحق‘ 35 زخمی
دہشت گرد کو گیٹ پھلانگتے دیکھ کر چرچ کے احاطے میں موجود لوگ ہوشیار ہوگئے، مذکورہ فوٹیج تحقیقات کے حوالے سے کافی اہمیت کی حامل ہے۔