کوئٹہ : پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے ساحلی علاقے جیوانی میں کارروائی کرکے کروڑوں روپے مالیت کی چرس اور مضر صحت گٹکا برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پرجیوانی، گوادر(بلوچستان) کے ساحلی علاقے سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق کوسٹ گارڈز کے جوانوں نے دورانِ چیکنگ ساحل سمندر پر لنگر انداز ایک اسپیڈ بوٹ کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 32 کلو گرام چرس اور 347 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کر لیا۔ یہ منشیات پاکستان سے مشرق وسطیٰ اسمگل کی جا رہی تھی۔
برآمد ہونے والی منشیات، اسپیڈ بوٹ اور گٹکا پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے، پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں تقریباً پانچ کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے حالیہ چند ہفتوں کے دوران منشیات کے خلاف کا روائیوں کے دوران تین ہزار کلو گرام منشیات کراچی اور بلوچستاں کے علاقوں سے پکڑی ہے۔
ڈی جی کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر عتیق الرحمن نے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے نقد انعامات کااعلان کیا ہے۔