کوئٹہ(13 جولائی 2026): بولان میڈیکل کمپلیکس میں ٹرینی نرس نے مبینہ طور پر بھائی کو بلا کر فارماسسٹ کی پٹائی کرا دی۔
بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں ٹرینی نرس اور فارماسسٹ کے درمیان جھگڑے کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نرس نے مبینہ طور پر اپنے بھائی کو بلا کر فارماسسٹ پر تشدد کروایا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نرس کے بھائی کو گرفتار کر لیا ہے۔
واقعے کے بعد فارماسسٹ اور ٹرینی نرس نے ایک دوسرے پر غلط رویے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ ٹرینی نرس کا موقف ہے کہ جب وہ فارمیسی میں ایمرجنسی ادویات لینے گئیں تو فارماسسٹ نے انہیں تھپڑ مارا۔
دوسری جانب فارماسسٹ ڈاکٹر محمد عیسیٰ نے نرس کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرینی نرس فارمیسی سے ادویات لے جانے کی مجاز ہی نہیں ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ نرس نے بلاوجہ اپنے بھائی اور دیگر رشتہ داروں کو بلوا کر ان پر تشدد کروایا۔ پولیس نے معاملے کی رپورٹ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


