کوئٹہ (30 ستمبر 2025): بھارتی پراکسی گروہ فتنہ الخوارج کے خودکش حملے میں 10 شہری جاں بحق جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد مارے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی پراکسی گروہ فتنہ الخوارج نے جناح روڈ کے قریب خودکش حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گیا اور علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ سیکیورٹی فورسز وہاں پہنچ کر جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ٹراما سینٹر اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ جب کہ صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اضافی طبی عملہ طلب کر لیا۔ انہوں نے اسپتال کا دورہ کر کے ان کی عیادت کی اور علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
وزیر صحت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش دھماکے میں دو سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوئے۔ اسپتال میں زیر علاج 26 زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ اس حملے میں معصوم شہری نشانہ بنے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ حملے کے دوران 2 ایف سی جوان زخمی ہوئے۔
دھماکے کے بعد محکمہ صحت بلوچستان کے ترجمان نے بتایا کہ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جب کہ اضافی ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے اور دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دے کر تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، عوام اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت صوبے کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہے اور دہشت گردوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی جانب سے کئی گئی اس دہشتگردی کی واردات کے حوالے سے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 25 سے 30 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ حملہ آوروں سے چار کلاشنکوف سمیت 12 سے زائد دستی بم بھی برآمد ہوئے۔
دوسری جانب امریکا نے کوئٹہ ایف سی ہیڈ کوارٹر کے قریب دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر کا کہنا ہے کہ امریکا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں استحکام کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


