اسلام آباد : وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ قومی سطح پر قرآن پاک کی اشاعت کیلئے قرآن بورڈ کےقیام پر اتفاق کرلیا ہے ، بورڈ کے قیام سے قرآن پاک کی غلطیوں سے پاک اشاعت یقینی ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے شرکت کی۔
اجلاس میں قرآن بورڈکی قانون سازی کےمجوزہ بل پر وزارت مذہبی امور نے بریفنگ دی ، چیئرمین نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ تمام تجاویز اور بل قابل قدر ہے، سعودی عرب ،ایران کا اپنا آفیشل قرآن پاک کا ورژن ہے، پاکستان کا اپنا قرآن پاک کا ورژن ہونا چاہیے، پنجاب قرآن بورڈنے اس حوالے سے بہت کام کیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے قرآن بورڈ کی تشکیل سے متعلق قانون سازی پر اتفاق کرلیا۔
وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پرقرآن پاک کی اشاعت کیلئے قرآن بورڈ کےقیام پر اتفاق کرلیا ہے ، بورڈ کے قیام سے قرآن پاک کی غلطیوں سے پاک اشاعت یقینی ہوجائے گی۔
نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ اقلیتی کمیشن پرارکان کوصرف اتنا اعتراض ہے پسندیدہ افراد کیوں نہیں رکھے، مذہبی امورکی پرانی عمارت کو کرائے پر دینے پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب میں2018 میں وزیر نہیں تھا تو عمارت کا 14لاکھ کرایہ لیا جارہا تھا ، جب سے وزیر بنا ہوں وہی عمارت 64لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر دی۔