جنوبی افریقہ کے صف اول کے فاسٹ بولر کاگیسو ربادا جشن منانا کے لیے اپنے والد کا انداز مستعار لیتے ہیں، آئی سی سی کی ویڈیو میں دنوں ایک جیسے انداز میں جشن مناتے پائے گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آخر کار پتا لگالیا ہے کہ بیٹر کو آؤٹ کرنے کے بعد جنوبی افریقہ کے بولر کاگیسو ربادا جشن منانے کے لیے کس کے انداز کی نقل کرتے ہیں۔ وہ کسی اور کی طرح نہیں بلکہ بالکل اپنے والد کی طرح ہی جشن مناتے ہیں۔
سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود کاگیسو ربادا کے والد نے آئی سی سی کو بتایا کہ وہ جنوبی افریقہ سے اپنے بیٹے کو کھیلتا دیکھنے آئے ہیں۔
اس دوران ربادا نے جب سری لنکن بیٹر کو آؤٹ کیا تو گراؤنڈ میں موجود بیٹے اور اسٹینڈز میں موجود ان کے والد نے ایک جیسے انداز میں جشن منایا جس کی ویڈیو آئی سی سی نے ریکارڈ کرلی۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 102 رنز کی شکست سے دوچار کیا۔ سری لنکا کی ٹیم کی جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 429 رنز کے تعاقب میں 44.5 اوورز میں 326 رنز بناسکی۔
کوشل مینڈس، اسالانکا اور کپتان دسن شناکا کی نصف سنچریاں بھی سری لنکا کو شکست سے نہ بچاسکیں۔ کوشل مینڈس نے 42 گیندوں پر برق رفتار 76 رنز کی اننگز کھیلی، چرتھ اسالانکا 79 اور دسن شناکا 68 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج، کوئٹزی اور مارکو جینسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 428 رنز بنائے۔ کوئنٹن ڈی کاک نے 100، وین ڈر ڈوسن نے 108 اور ایڈن مارکرم نے 54 گیندوں پر 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو کہ ایک اننگز میں کسی ٹیم کے تین بیٹرز نے سنچریاں اسکور کی ہیں۔