The news is by your side.

Advertisement

گلوکارہ رابی پیرزادہ نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا

لاہور: معروف گلوکارہ رابی پیرزادہ نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گلوکارہ رابی پیرزادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اعلان کیا ہے کہ وہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کررہی ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی بھی طلب کی اور ساتھ ہی لکھا کہ اللہ ان کے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔

رابی پیرزادہ نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا کہ اللہ پاک جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے، انہوں نے اپنے ٹویٹ میں ’سیو اے سول‘ ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ گلوکارہ رابی پیرزادہ کوئٹہ میں پیدا ہوئیں، وہ تعلیم کے میدان میں بہترین طالبہ رہیں تاہم موسیقی سے لگاؤ انہیں شوبز انڈسٹری میں کھینچ لایا تھا۔

رابی پیرزادہ نے 2005 میں اپنے گانے ’داہدی کُڑی‘ سے ڈیبیو کیا، ان کے گانے ’مجھے عشق ہے‘ اور ’جادو‘ بھی بے حد مقبول ہوئے تھے۔

شعیب منصور کے لکھے گانے ’کسی کے ہو کے رہو‘ میں رابی پیرزادہ نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا جو مداحوں کو بے حد پسند آیا تھا، رابی پیرزادہ کے گانوں کے البم مداحوں میں آج بھی مقبول ہیں۔

رابی پیرزادہ نے مختلف ٹی وی چینلز پر پروگرام کی میزبانی کی اور سوشل ایشوز سمیت کشمیر کے مسئلے پر اپنی آواز بلند کی۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں