The news is by your side.

Advertisement

ربیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

کراچی : ربیع الاول 1442 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل کراچی میں ہوگا، جس میں ربیع الاول کے چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر کراچی میں کل ہوگا، رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان اجلاس کی صدارت کریں گے۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے، زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کوئٹہ اور پشاورمیں ہوں گے جبکہ محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

چاند نظر آنے کی صورت میں ملک بھر میں عید میلاد النبی 29 اکتوبر بروز جمعرات منائی جائے گی۔

دوسری جانب کمشنرکراچی کی زیر صدارت جشن میلاد النبی ﷺکے انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا ، جس میں علما ، مذہبی رہنماؤں اور مذہبی جماعتوں کے نمائندوں اور افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکورٹی، صفائی اور سہولتوں کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ،کمشنر کراچی سہیل راج نے کہا کہ فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس مہینے نبی آخرالزماں ﷺ کی دنیا میں آمد ہوئی، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری دنیا کے لئے عملی نمونہ بن کر آئے اور وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی قیامت تک آسکتا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں