پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان اور ان کے بیٹے شاہزمان علی خان نصرت فتح علی خان کے مزار پر گئے اور انہوں نے ان کی قبر پر کلام قوالی پیش کی۔
موسیقی کے بے تاج بادشاہ اور لیجنڈری قوال استاد نصرت فتح علی خان کی برسی کے موقع پر ان کے بھتیجے اور نامور گلوکار راحت فتح علی خان نے ان کے مزار پر حاضری دی اور بیٹے شہزمان علی خان کے ہمراہ قبر پر کلام پیش کیا۔
تاہم اس تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیوز پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل اور تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
View this post on Instagram
نصرت فتح علی خان کے انتقال کو تین دہائیاں بیت چکی ہیں لیکن ان کی فنی خدمات اور موسیقی آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ اس برسی کے موقع پر راحت فتح علی خان اپنے بیٹے کے ہمراہ مزار پر پہنچے اس دوران فضا میں کرنسی نوٹ بھی اڑائے گئے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر میں مداحوں کی جانب سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔
ان ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ قبر کا کوئی احترام نہیں کیا گیا، جبکہ ایک اور صارف نے طنز کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ وہ پھر سے نشے میں ہیں۔ ایک اور صارف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے استغفراللہ کہا۔
اس واقعے نے ایک بار پھر استاد نصرت فتح علی خان کے لازوال میوزکل ورثے اور ان کی یادگاری تقریبات کے آداب پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ جہاں کچھ لوگ اس خراج تحسین کو جذباتی عقیدت کا رنگ دے رہے ہیں، وہیں قبر کے تقدس اور ماحول کے حوالے سے شدید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔


