کراچی: سابق آرمی چیف راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے خلاف پریس کلب کے باہر تادم مرگ بھوک ہڑتال کرنے والے لطف امین شبلی آغا خان اسپتال میں انتقال کرگئے، اہل خانہ نے نمازِ جنازہ کل بعد نماز ظہر پریس کلب کے باہر ادا کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق آرمی چیف سے اپنی محبت کا اظہار کرنے والے اور راحیل شریف کی مدتِ ملازمت کا مطالبہ کرنے والے کراچی کے رہائشی عمیم شبلی گزشتہ 3 ہفتے سے پریس کلب کے تادمِ مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے تھے۔
عمیم شبلی کا مطالبہ تھا کہ ’’سابق آرمی چیف راحیل شریف نے ملک کو کئی بحرانوں سے نکالا اور کرپشن کے خلاف اقدامات کیے اگر ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہیں کی گئی تو میں زندہ نہیں رہوں گا‘‘۔
پڑھیں: ’’ قمرباجوہ آرمی چیف، زبیر حیات چیئرمین جوائنٹ چیفس مقرر ‘‘
تین روز اسپتال میں داخل رہنے کے باوجود مزدور رہنماء کے اہل خانہ پریس کلب پر آکر اُن کے مشن کو جاری رکھے ہوئے تھے، اس دوران اُن کے 8 سالہ بچے نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ بڑا ہوکر راحیل شریف بننا چاہتا ہے اور اگر اُن کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہ کی گئی اور میرے والد کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
دوسری جانب اہل خانہ نے مزدور رہنماء کے انتقال کی تصدیق کردی ہے جبکہ اُن کے بیٹے نے اعلان کیا ہے کہ کل بعد نماز ظہر لطف امین شبلی کا نماز جنازہ پریس کلب کے باہر ہی ادا کیا جائے گا۔