تازہ ترین

نریندر مودی بھارت کے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں، راہول گاندھی

نئی دہلی : کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ امریکہ کو ابھی ڈونلڈ ٹرمپ ملا ہے جب کہ بھارت کو ڈھائی سال سے ڈونلڈ ٹرمپ مودی کی صورت میں میئسر ہیں۔

وہ اترپردیش میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے اپنے خطاب میں نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کو مودی کی شکل میں ڈونلڈ ٹرمپ ملا ہے جو اپنے ہی ملک کی دیگر اکائیوں کے درمیان نفرت کو پروان چڑھاتے ہیں۔

کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے نوٹوں پر پابندی لگا کر نہ صرف کسانوں کا نقصان کیا جو اپنی فصلوں کا سودا نہیں کر سکے بلکہ عام آدمی بینک کی قطاروں میں لگے لگے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نفرت آمیز رویوں اور اشتعال انگیز کارروائیوں کا متحمل نہیں ہوسکتا کیوں کہ بھارت کئی اکائیوں کا مجموعہ ہیں جو برسہا برس سے ایک دوسرے کے ساتھ پُر امن طریقے سے رہ رہے ہیں۔

راہول گاندھی نے ملک میں معیشت کی ذبوں حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیروزگاری کا عفریت غریب لوگوں کو اپنی خوارک بنا رہا ہے جب کہ حکومت چپ سادھے ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔

انہوں نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ علاقائی سطح پر صنعتوں کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو اور لوگوں کو اپنے ہی علاقے میں روزگار میئسر آ سکے۔

Comments

- Advertisement -