نئی دہلی: کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے معذور بچوں کے اسکول کے لیے کارپنٹر بن کر فرنیچر بنا لیا، ان کا تیار کردہ فرنیچر گزشتہ روز پارٹی کی جانب سے اسکول پہنچایا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز دہلی کے ایک علاقے میں واقع گونگے بہرے بچوں کے اسکول پریمالابائی چوہان کو کانگریس کی جانب سے فرنیچر عطیہ کیا گیا، جس میں سے کچھ راہل گاندھی نے اپنے ہاتھوں سے تیار کیا تھا اور باقی کی تیاری کا خود آرڈر دیا تھا۔
گزشتہ ماہ راہل گاندھی نے کیرتی نگر فرنیچر مارکیٹ میں جا کر کاریگروں کے ساتھ مل کر خود بھی کام کیا تھا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر آئی تھیں۔
فرنیچر حوالے کرتے ہوئے کانگریس کے مقامی رہنما اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ وہ اپنے محبوب لیڈر راہل گاندھی کے ذریعے نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کا پیغام پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ قدم اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔
This School Got Desks Made By Rahul Gandhi With Furniture Market Carpenters https://t.co/wkPMrp4l2H pic.twitter.com/I9gAj5aKo3
— NDTV (@ndtv) November 20, 2023
رہنما نے کہا ’’کیرتی نگر مارکیٹ میں راہل جی کے بنائے گئے بنچوں کے استعمال کے لیے گونگے بہرے بچوں کے اسکول سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہو سکتی، وہ ملک کے ہر غریب، مجبور اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
انھوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب گونگے بہرے بچوں کی پیدائش کو تکلیف دہ مانا جاتا تھا، لیکن کئی نظریہ ساز شخصیتوں نے اس کو دیکھنے کا نظریہ ہی بدل دیا، اور آج بولنے اور سننے کی صلاحیت سے معذور بچے بھی مختلف شعبوں میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔