کانگریس رہنما راہول گاندھی نے ایک انتخابی جلسے میں وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے اور آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھگلپور میں انتخابی مہم کے دوران راہول گاندھی کا جے شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسے بیٹ پکڑنا بھی نہیں آتا، لیکن وہ دنیا کی کرکٹ کے سربراہ بنے ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ اگر آپ اڈانی، امبانی یا امت شاہ کے بیٹے نہیں ہیں تو آپ بڑے خواب نہیں دیکھ سکتے۔ امت شاہ کا بیٹا (جے شاہ) بیٹ پکڑنا نہیں جانتا، رن بنانا تو دور کی بات، لیکن وہ کرکٹ کا سربراہ بنا ہوا ہے، سب کچھ کنٹرول کرتا ہے۔ آخر کیوں؟ صرف پیسے کی وجہ سے۔“
کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں کھیلوں اور کاروبار سمیت ہر بڑے شعبے پر چند امیر گھرانوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، عام نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کے دروازے بند ہیں۔
مودی حکومت نے جی ایس ٹی (GST) نافذ کر کے کسانوں، مزدوروں اور چھوٹے کاروباریوں کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں۔
آئی سی سی اجلاس، ایشیا کپ کی ٹرافی سے متعلق کیا بات ہوئی؟
انہوں نے الزام عائد کیا کہ این ڈی اے حکومت غریبوں کی زمین چھین کر اڈانی اور امبانی جیسے بڑے صنعت کاروں کو دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ بہار اسمبلی کی 243 نشستوں میں سے 122 نشستوں پر دوسرے مرحلے کا الیکشن 11 نومبر کو ہوگا، جبکہ نتائج کا اعلان 14 نومبر کو کیا جائے گا۔


