کراچی : شہر قائد کی انتظامیہ نے دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف مہم تیز کردی، مختلف دکانوں پر چھاپے مار کر جرمانے عائد کیے گئے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں 43 دودھ فروشوں کے نمونے چیک کیے گئے جن میں سے 17 میں ملاوٹ پائی گئی۔
ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے میں ملوث دکانداروں پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 59 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ کرنے والے عناصر کیخلاف کسی بھی قسم کی رعایت کے بغیر سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
سید حسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ شہر کے تمام اضلاع میں کامیاب کارروائی کی گئی ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اس مہم کو جاری رکھی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کیماڑی میں 6 اور کورنگی میں 2 نمونوں میں ملاوٹ پائی گئی جبکہ ضلع جنوبی میں ایک اور غربی سے 8 نمونوں میں ملاوٹ پائی گئی۔


