کراچی (16 جون 2026): ریلویز پولیس کے اے ایس آئی اور کانسٹیبل کی مستعدی اور پیشہ وارانہ صلاحیت کی بدولت ایک مسافر کی قیمتی جان کو بچا لیا گیا۔
تھانہ ریلویز پولیس وزیر آباد میں تعینات کانسٹیبل اظہر ساہی جو کہ ٹرین 48 ڈاؤن رحمان بابا میں گشت کی ڈیوٹی پر مامور تھا، نے دوران گشت بوگی اکانومی کلاس میں مظفر گڑھ کے رہائشی جمیل احمد نامی مسافر، جو کہ وزیر آباد سے ملتان سفر کر رہا تھا، کو امراض قلب اور شدید گرمی کی حالت میں تکلیف میں مبتلا دیکھ کر اس کو فوری فرسٹ ایڈ مہیا کی۔
مزید دریافت پر معلوم ہوا کہ مسافر کو پہلے ہی سے دل کی بیماری لا حق تھی، ریل میں دوران سفر اس نے گرمی کی وجہ سے اپنی چھاتی میں شدید تکلیف محسوس کی، تاہم معاملہ بگڑنے سے قبل ہی کانسٹیبل نے ان کو فوری طبی امداد فراہم کر دی، پانی پلایا اور اس کو لٹا دیا۔
کانسٹیبل کے مطابق انھوں نے مریض کی تشویش ناک حالت کی اطلاع ایس ایچ او فیصل آباد کو دی، جنھوں نے بروقت پلیٹ فارم پر موجود ڈیوٹی آفیسر اے ایس آئی خاور کو مسافر کی حالت کے بارے میں آگاہ کر دیا، جنھوں نے ٹرین کی فیصل آباد آمد سے قبل ہی 1122 کا بندوبست کیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹرین جب فیصل آباد اسٹیشن پر رکی، تو مسافر کو 1122 کی مدد سے اے ایس آئی خاور کی زیر نگرانی مزید طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریلویز پولیس کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی اور کانسٹیبل کی مشترکہ کاوش کی بدولت ایک مسافر کی قیمتی جان کو ضائع ہونے سے بچا لیا گیا۔



