اسلام آباد(12 جنوری 2026): ریلوے میں چوری اور قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی نافذ کردی گئی ہے۔
تھانہ ریلوے پولیس لانڈھی نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا ریلوے میٹریل برآمد کرکے چار ملزمان گرفتار کرلیے، ریلوے کی قیمتی پٹریوں کی چوری ناکام بنانے پر ایس ایچ او لانڈھی اور ٹیم کو وزیرِ ریلوے نے بھرپور داد دی ہے۔
ریلوے پولیس کراچی ڈویژن نے لانڈھی کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کی قیمتی پٹریاں اور دیگر سامان چوری کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ریلوے پولیس کے مطابق کارروائی لانڈھی کی حدود مرتضیٰ چورنگی، ملیر ندی کے قریب کی گئی، جہاں ملزمان ریلوے لائنوں کو گیس کٹر کی مدد سے کاٹ کر چوری کر رہے تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد ہونے والا ریلوے سامان کروڑوں روپے مالیت کا ہے، وزیرِ ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے پولیس کو چوری کے خلاف مزید سخت اور مؤثر کارروائیوں کی ہدایات جاری کی ہے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس لانڈھی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ریلوے کی چوری میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، کارروائی ایس ایچ او ریلوے پولیس لانڈھی محمد حبیب ظفر کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔


