این ڈی ایم اے نے 22 سے 24 جولائی تک شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جی بی، کے پی، کشمیر، بلوچستان اور پنجاب میں موسلا دھار بارشوں اور طغیانی کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان کے دریاؤں، آبی گزرگاہوں ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع کے ندی نالوں میں تیز بہاؤ، پہاڑی ریلے متوقع ہیں، آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع کے دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ برقرار ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں ڈی جی خان، راجن پور کے نالوں اور میانوالی میں دریائے کرم میں طغیانی متوقع ہے، بلوچستان کے علاقوں ژوب، لورا لائی، زیارت، بارکھان اور سبی سمیت متعدد ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
یہ پڑھیں: مون سون بارشیں ! پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، پشاور اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کاخطرہ ہے جبکہ دریائے چناب مرالہ کے مقام پر اونچے،جہلم منگلا میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
جہلم، چناب اور راوی بیسن سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، دریائے راوی بلوکی میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ہے، دریائے سوات، پنجکوڑہ، چٹرال، کابل اور معاون دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کی توقع ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام حساس مقامات، پہاڑی علاقوں کی طرف غیرضروری سفر سے گریز کریں، متعلقہ ادارے حساس مقامات کی نگرانی، شاہراہوں کی بحالی کے انتظامات یقینی بنائیں۔


