بدھ, دسمبر 4, 2024
اشتہار

بارش اور سیلاب : بلوچستان میں انگور، سیب کی فصلیں برباد

اشتہار

حیرت انگیز

بلوچستان میں بارشیں اورسیلابی ریلہ پورا نظام بہا لے گیا، لوگوں کے گھر اجڑ گئے، تیار کھڑی فصلیں کسانوں کے سامنے دیکھتے ہی دیکھتے بہہ نکلیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں انگور، سیب، آڑو، ٹماٹر، پیاز اور دیگر اجناس کی فصلیں برباد ہوگئی ہیں، لسبیلہ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اوتھل بھی بارشوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

ڈی ایچ او کے مطابق رابطہ سڑکیں متاثر ہونے سے پیرا میڈیکل اسٹاف بھی پھنس چکا ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اوتھل تاحال فنکشنل نہیں ہوسکا ہے۔

- Advertisement -

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب سے اب تک صوبے میں 13 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا، 23 ہزار سے زیادہ مویشی ہلاک ہوئے، مختلف اضلاع میں 16 پلوں، 640 کلو میٹر سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا۔

بلوچستان میں سیلاب کے نتیجے میں دو لاکھ ایکڑ زرعی زمین برباد ہوگئی، 2 ہزار سے زیادہ سولر پلیٹس تباہی کا شکار اور 8 ڈیم اور کئی حفاظتی بند ٹوٹے اور متاثر ہوئے۔

سیلاب اور بارشوں میں کاشت کاروں کی زندگی بھر کا سرمایہ ان کی آنکھوں کے سامنے بہہ گیا، ہر طرف پانی ہی پانی ہے، لوگ بے بسی کی تصویر بن گئے، امداد کے لیے حکمرانوں کو پکارنے لگے۔

بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے کوہلو، بارکھان اور رکھنی سمیت دیگر بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ بجلی، ٹیلی فون اور انٹر نیٹ سروسز معطل ہونے سے امدادی سرگرمیوں اور رابطے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بجلی کے کھمبے گرنے سے مچ شہرکو بجلی کی فراہمی پانچویں دن بھی معطل ہے۔ چاغی بھی آفت زدہ علاقے کامنظر پیش کررہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں