منگل, مارچ 10, 2026
اشتہار

بارش اور برفباری کا الرٹ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کردیا گیا، جس میں عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 12 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش متوقع ہے، جن میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، وزیرستان، مانسہرہ، مہمند، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ شامل ہیں۔

الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، استور، غذر، دیامیر، سکردو، ہنزہ اور شگر میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے اضلاع باغ، مظفرآباد، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور نیلم میں بھی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ برفباری اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ممکنہ خطرات کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے ریسکیو اداروں اور سڑکوں کی بحالی سے متعلق محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام و متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی فراہم کر رہا ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں