اسلام آباد : بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی نئی لہر آگئی ، سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث موسم میں شدید ٹھنڈ آ گئی ہے اور سردی کی نئی لہر کا آغاز ہو گیا ہے۔
بابوسر ٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ اور نانگاہ پربت پر گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔ برفباری کے باعث وادی نے سفید چادر اوڑھ لی ہے اور دلکش قدرتی مناظر نمایاں ہو گئے ہیں۔
سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا، بابوسر ٹاپ پر برفباری کی وجہ سے انتظامیہ اور پولیس نے شاہراہ بابوسر کو گٹی داس اور گلگت زیرو پوائنٹ کے مقام سے ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
FOLLOW ARY TUBE FOR MORE SUCH NEWS
وادی کاغان اور ناران جانے والے راستے کھلے ہیں جہاں سیاح اور مقامی افراد سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔ تاہم، ضلعی انتظامیہ نے مسافروں کو بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چلاس شہر اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ مہمند میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے۔
پشاور میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ مانسہرہ اور دیگر اضلاع میں بھی ٹھنڈ کا احساس بڑھ گیا ہے۔
سوات کے میدانی علاقوں اور چترال شہر و مضافات میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے ساتھ ہی سردی کا زور بڑھ گیا ہے۔


