اتوار, جولائی 19, 2026
اشتہار

خیبرپختونخوا میں بارش اور آندھی نے تباہی مچادی، 7 افراد جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور : خیبرپختونخوا میں بارش، آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں سات افراد جاں بحق جبکہ تینتیس افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز بارش، آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے متعدد واقعات میں ایک ہی خاندان کے افراد سمیت 7 افراد جاں بحق اور 33 شدید زخمی ہو گئے۔

محکمہ موسمیات نے صوبے کے بالائی علاقوں میں فلیش فلڈنگ اور کراچی میں شدید گرمی و حبس کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں آندھی اور طوفانی بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے المناک واقعات پیش آئے۔

حادثات کے نتیجے میں 2 بچوں، 4 مردوں اور ایک خاتون سمیت 7 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبلہ مختلف واقعات میں 33 افراد زخمی ہوئے، جن میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پی ڈی ایم اے اور ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بالائی اضلاع میں شدید بارشوں اور درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی ریلے آنے کا شدید خطرہ ہے۔ مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی کے حوالے سے آئندہ چوبیس گھنٹوں کی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہے گی جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق دن کے مختلف اوقات میں کبھی کبھار تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

طبی ماہرین اور محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی اور حبس کے پیشِ نظر بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں