کراچی: شہر قائد کا موسم تبدیل ہوگیا، کالی گھٹائیں چھانے کے بعد مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے.
تفصیلات کے مطابق سہ پہر میں شہر پر کالے بادل چھا گئے. نارتھ ناظم آباد، ناگن چورنگی، نارتھ کراچی، سہراب گوٹھ میں بارش ہوئی، جس سے موسم خوش گوار ہوگیا۔
ناردرن بائی پاس، منگھوپیر، گڈاپ سمیت مختلف علاقوں سے بھی ہلکی اور تیز بارش کی اطلاعات موصول ہوئیں.
ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹے شہرمیں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے، جنوب مشرقی سندھ میں ہوا کا کم دباؤ بارش کا سبب بنے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین روز سے گرمی کے باعث ہوا کا کم دباؤمزید پھیل گیا ہے، جس کی وجہ سے آج موسم میں تبدیلی آئی.
خیال رہے کہ دو روز پہلے شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا تھا. ادھر ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ دونوں طوفانی بارشوں سے تاریخی عمارتیں بھی شدید متاثر ہوئیں، ٹکسالی فوڈ اسٹریٹ کے قریب واقع لاہور کے شاہی قلعے کا داخلی اور چھوٹا دروازہ زمین بوس ہوگیا۔