پیر, جنوری 20, 2025
اشتہار

ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی نوید سنا دی۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت مختلف شہروں میں ہلکی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں کورنگی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، گولیمار، سائٹ ایریا، شارع فیصل اور بلوچ کالونی میں بارش ہوئی۔

علی الصبح دادو، نوشہرو فیروز اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

- Advertisement -

نوابشاہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ سکھر میں تیز بارش کے بعد بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم ابر آلود ہے اور مزید ہلکی بارش کا امکان ہے۔ تھر پارکر، سکھر اور بلوچستان میں کل تیز بارش ریکارڈ ہوئی۔ ایران سے داخل ہونے والا سسٹم بارش کی وجہ بنا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے ایک سسٹم نے شدت پیدا کی ہے، کل صبح کے بعد سسٹم سندھ اور بلوچستان سے نکل جائے گا۔

دوسری طرف صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی بوندا باندی ہوئی جس سے موسم سرد ہوگیا۔

ادھر بالائی علاقوں میں بھی بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بٹگرام، دیر بالا اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی۔

وادی کمراٹ میں موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہوگئی، برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا میں اکثر مقامات پر جبکہ پنجاب، زیریں خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، سندھ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران بالائی خیبر پختونخوا میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں