The news is by your side.

Advertisement

لاہوراورگرد ونواح میں طوفانی بارش، 300فیڈر ٹرپ، چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک

اسلام آباد/ راولپنڈی / لاہور/ : پنجاب کے کئی شہروں میں آندھی نے تباہی مچا دی۔ چھت گرنے سے فیروز والا میں ایک شخص جاں بحق اور چھتیں اوردیواریں گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے، کئی درخت اکھڑ گئے۔ بجلی کانظام بھی معطل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے بعد اسلام آباد راولپنڈی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ لاہوراور اس کے گرد و نواح میں  میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش نے نظام زندگی بھی جل تھل ہوگیا۔

 اسلام آباد راولپنڈی میں بارش سے جل تھل ہوگیا، مری میں تیز بارش کےساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، سوات، مانسہرہ، کوہاٹ اور مظفرآباد میں بھی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

دوسری جانب لاہور شہر میں 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہورمیں38 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سےہوائیں چل رہی ہیں، صبح 7بجے تک مزید بارش کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق لاہور میں آندھی اور بارش سے ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، ایئرپورٹ آنے والی پروازوں کارخ دیگرشہروں کی طرف موڑ دیا گیا ہے، بارش کے باعث مسافر اور عملہ ایئرپورٹ کی عمارت میں محصور ہوگیا۔

آندھی اوربارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، لاہور ایئرپورٹ سمیت شہر بھر میں بجلی کی آنکھ مچولی کاسلسلہ بھی جاری ہے مختلف علاقوں میں300سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بعض مقامات پر بجلی کی تاروں پر درخت گرگئے، لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش تھم جانے کے بعد ہی بجلی کی بحالی کا کام شروع کیا جائیگا۔

پنجاب میں مٹی کے طوفان اور بارش نے تباہی مچا دی۔ فیروزوالا میں گھر کی چھت گر گئی۔ ریسکیو کا کہنا ہے ایک شخص کی جان چلی گئی اور کئی افراد دزخمی ہوئے، گوجرانوالہ میں جھکڑ چلے، درخت بجلی کے تاروں پر گرے، جہلم میں آندھی اور بارش سے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

نارووال میں مٹی کے طوفان اور بارش سے بجلی کانظام بیٹھ گیا۔ شہراور دو سو سے زیادہ دیہات میں بجلی بند ہو گئی۔ حافظ آباد، گجرات ،ڈسکہ ، ساہیوال، چیچہ وطنی تیز ہواؤں کے بعد بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے نجی ایئرلائن کی دبئی سے آنے والی پرواز این ایل 767 منسوخ کردی، اس کے علاوہ جدہ سے لاہورآنے والی نجی ایئرلائن کی پروازاین ایل 730 اور ریاض سے آنے والی پرواز پی اے 475 بھی منسوخ کردی گئی ہے جبکہ جدہ سے آنے والی پرواز این ایل 718تاخیر کا شکار ہے۔

پی آئی اے ترجمان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ طوفان کے باعث لاہور ایئرپورٹ پرپی آئی اے کے دو طیاروں کو نقصان پہنچاہے،
ایک سو پندرہ کلومیٹرفی گھنٹہ رفتار سے چلنے والی ہوا سے دو ٹرالیاں طیاروں سے ٹکرائیں، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر دونوں طیارے عارضی طور پرگراؤنڈ کردیئے گئے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد سے سیالکوٹ جانے والی پروازپی کے 654 لاہور پر اتارلی گئی اور دمام سے سیالکوٹ آنے والی پروازپی کے 244 بھی لاہوراتار لی گئی تھی۔

علاوہ ازیں بارشیں پہاڑی علاقے والوں کے لیے باران رحمت ثابت ہوئیں، سخت گرمی کا زور ٹوٹ گیا ملکہ کوہسار مری میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، مری کی گلیوں میں پانی ایسے بہنے لگا جیسے کوئی برساتی نالہ بہہ رہا ہو۔

اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، تیزہوائیں چلنے لگیں، کالی گھٹائیں چھا گئیں،روزے داروں کی دعائیں قبول ہوگئیں ۔

سوات میں بھی بارش نے موسم خوشگوار کردیا، کوہاٹ میں بھی باراں رحمت برس پڑی، مانسہرہ میں بارش سے پھول پودے نکھر گئے، آزاد کشمیر کےدارالحکومت مظفرآباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں