اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں کل سے بارش کی نوید سنادی جس کے بعد سردی میں اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے منگل تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے جن میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان شامل ہیں۔
اتوار، پیر اور منگل کو پشاور، مالا کنڈ، کوہاٹ، ہزارہ اور مردان میں بارش کا امکان ہے جبکہ اسی عرصے کے دوران مری، گلیات اور کشمیر میں برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سکھر اور مکران ڈویژن میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ پیر کے روز صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔