کراچی: شہر قائد میں رات گئے تیزا ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد صبح سویرے موسم سہانا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بارش کے بعد صبح سویرے موسم سہانا ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح سویرے 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب70 فیصد اور 34 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادی سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے جمعرات سے ہفتہ تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیزا ہواؤں کے ساتھ مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی کراچی میں 27اور28 جولائی کو تیز بارش کی پیش گوئی
خیال رہے کہ تین روز قبل محکمہ موسمیات نے گرمی اور حبس سے پریشان کراچی والوں کو خوشخبری سناتے ہوئے 27 اور28 جولائی کو تیز بارش کی پیش گوئی کی تھی۔
یاد رہے کہ پیر کے روز کراچی میں ہلکی بارش ہونے کے بعد کے الیکٹرک کا سسٹم بیٹھنے سے 70 فیصد شہر میں بجلی بند ہوگئی تھی۔