جمعرات, ستمبر 10, 2026
اشتہار

جیل میں شلپا سے طلاق کی خبر ملی تو کیا ہوا؟ راج کندرا نے حیران کن انکشاف کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

(19 اگست 2026): بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا نے جیل میں اہلیہ سے طلاق کی خبر ملنے پر اپنے ردعمل کے حوالے سے حیران کن انکشاف کر دیا۔

راج کندرا نے انڈین میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں 2021 کے فحش مواد کے کیس میں اپنی گرفتاری کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ انہوں نے جیل میں گزارے گئے 63 دنوں کو یاد کیا اور انکشاف کیا کہ جب انہوں نے یہ افواہیں سنیں کہ شلپا شیٹی ان سے طلاق لینے کا ارادہ رکھتی ہیں تو وہ خودکشی کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوگئے تھے۔

انہوں نے جیل کے اندر کے حالات کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تقریباً 50 افراد کی گنجائش والی جگہ پر سیکڑوں قیدیوں کو رکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شلپا شیٹی نے مداحوں کو اپنے خلاف فیک نیوز سے خبردار کر دیا

راج کندرا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حراست میں اپنے 63 دنوں کے دوران وہ صرف بسکٹ اور پانی پر زندہ رہے اور ان کا وزن تقریباً 17 سے 18 کلوگرام کم ہوگیا، وہ جیل کی زندگی سے پہلے ہی نبرد آزما تھے کہ شلپا کے انہیں چھوڑنے کی افواہوں نے حالات کو مزید مشکل بنا دیا۔

’ایک دن میڈیا کے ذریعے خبر آئی جو دراصل افواہ تھی۔ اس میں یہ تھا کہ شلپا شیٹی راج کندرا کو چھوڑ رہی ہیں اور طلاق ہونے والی ہے۔ اس رات میں سو نہیں سکا کیونکہ مجھے لگا کہ میں اپنی زندگی ختم کر دوں۔ مجھے لگا کہ جینے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ میرے لیے میری بیوی اور میرے خاندان سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔‘

راج کندرا نے کہا کہ مجھے لگا کہ میں اپنی زندگی کا خاتمہ کر لوں، اگلے دن میں نے فون پر ان سے بات کی تو اہلیہ نے بتایا کہ ’یہ بے بنیاد خبر ہے، میں آپ کے ساتھ ہوں، مجھے آپ پر بھروسہ ہے، اس کی فکر مت کرو‘، اس کال کے بعد مجھے بہت حوصلہ ملا۔

واضح رہے کہ راج کندرا 2021 میں اس وقت ایک ہائی پروفائل فحش مواد کے کیس کی زد میں آئے جب ممبئی پولیس نے موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے فحش مواد کی تیاری اور تقسیم سے مبینہ طور پر جڑے ایک ریکٹ کا پردہ فاش کیا۔

تحقیقات کا آغاز فروری 2021 میں مدھ آئی لینڈ کے ایک بنگلے پر پولیس کے چھاپے کے بعد ہوا جہاں مبینہ طور پر خواتین کو غیر اخلاقی فلموں کی شوٹنگ کرتے ہوئے پایا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں