معروف یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے اپنی سابقہ اہلیہ ایمان فاطمہ کی جانب سے صلح کی تمام کوششوں اور افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ ان کے درمیان اب واپسی کا کوئی راستہ باقی نہیں بچا ہے۔
ایک حالیہ ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران بات کرتے ہوئے رجب بٹ نے تصدیق کی کہ ایمان نے انہیں پھولوں کا گلدستہ بھیجا تھا، جسے انہوں نے ایک اچھا اقدام تو قرار دیا لیکن ساتھ ہی صلح کے امکانی راستوں کو بند کر دیا۔
رجب کا کہنا تھا کہ ایمان نے اپنے گھر والوں کو چنا اور میں نے اپنے خاندان کو، اگر ہماری شادی کو پانچ یا دس سال ہو چکے ہوتے تو بات مختلف ہوتی۔ اگر ہم ایک دوسرے کو ترجیح دیتے تو شاید وہ اپنے گھر والوں کی سائیڈ نہ لیتی اور نہ ہی میں، اور ہم ساتھ رہتے۔
انہوں نے ایمان کے ساتھ کسی بھی قسم کے دوستانہ تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے درمیان کوئی دوستی نہیں ہے اور نہ ہی ایک ملاقات سے دوستی قائم ہوتی ہے۔
سات ماہ پرانے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے رجب نے شدید غصے کا اظہار کیا اور کہا ’سات ماہ پہلے تم نے سوشل میڈیا پر اسٹوریز لگا کر مجھے نیچا دکھایا، میری تذلیل کی اور اب گلدستے بھیج رہی ہو۔ جو بات ختم ہو چکی ہے اسے ختم ہی رہنے دو۔ اب جا کر کوئی نیا بکرا ڈھونڈو اور اپنے گھر کی فکر کرو، مجھے میرے حال پر چھوڑ دو۔‘
رجب نے اپنی والدہ کی قسم کھاتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے بعد ایمان کے کسی پیغام کا جواب نہیں دیں گے، انہوں نے خبردار کرتے ہوئے مزید کہا تم نے جو کال ریکارڈنگز کی ہیں صرف وہی ثبوت نہیں ہیں۔ میں نے شاید ہماری باتیں ریکارڈ نہ کی ہوں، لیکن تم نے ایک بڑی غلطی کی۔
تم نے سمجھا کہ اُس گروپ کا ہر شخص اندھا دھند تمہارے ساتھ تھا، لیکن ایسا نہیں تھا۔انہوں نے سب کچھ دیکھا اور وہ جانتے ہیں کہ تم نے کس قسم کی زبان اور رویہ استعمال کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے دونوں کے درمیان صلح کی افواہیں گرم تھیں، خصوصاً جب ایمان اور ان کے بیٹے کیوان نے رجب کی بیماری کے دوران انہیں کارڈ بھیجا تھا۔
اس کے علاوہ ایمان کے بھائی عون شیخ نے بھی رجب سے عوامی سطح پر معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں خاندانوں نے نجی طور پر مسائل حل کر لیے ہیں۔ تاہم، رجب کے حالیہ لائیو سیشن نے صلح کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی شادی 2024 میں ہوئی تھی جو سوشل میڈیا پر کافی وائرل رہی۔ تاہم، شادی کے بعد جلد ہی اختلافات پیدا ہو گئے جب ایمان کے بھائی نے رجب پر دورانِ حمل اپنی بیوی کو دھوکہ دینے کے الزامات لگائے۔ بعد ازاں رجب نے ایک پوڈکاسٹ کے دوران طلاق کی تصدیق کی اور ایمان کو قانونی نوٹس بھی بھجوایا تھا۔


