اشتہار

’آپ کی جگہ جیل میں ہے‘ سپریم کورٹ کی راجپال یادیو کو سخت تنبیہ

اشتہار

حیرت انگیز

بالی ووڈ اداکار راجپال یادیو کو چیک باؤنس کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے سخت سرزنش کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار راجپال یادو کو سپریم کورٹ کی سخت سرزنش کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہ چیک باؤنس کے ایک پرانے مقدمے میں رقم جمع کرانے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہے جس پر عدالت کے بینچ نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

نجی کمپنی میسرز مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے واجب الادا قرض کے معاملے پر ہونے والی سماعت کے دوران جسٹس جویمالیا باگچی نے اداکار سے کہا کہ آپ کی جگہ جیل میں ہے۔

یہ سخت جملوں کا تبادلہ اس وقت ہوا جب یادو سپریم کورٹ کے 15 ستمبر کے حکم پر عمل کرنے میں ناکام رہے، اس حکم میں انہیں واجب الادا رقم کی ادائیگی کے لیے ٹھوس تجویز پیش کرنے کی خاطر دو ہفتے کا وقت دیا گیا تھا اور عدالت کی رجسٹری میں 2 کروڑ روپے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

چیف جسٹس سوریا کانت اور جسٹس جویمالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بینچ اس وقت خاص طور پر برہم ہوا جب یادو کے وکیل نے یہ دلیل دینے کی کوشش کی کہ شکایت کنندہ کمپنی غریب نہیں ہے۔

جسٹس باگچی نے جواب دیا کہ ہو سکتا ہے کہ وہ آپ سے زیادہ امیر ہوں لیکن جس حد تک آپ نے انہیں دھوکہ دیا ہے اس لحاظ سے وہ غریب (متاثرہ فریق) ہیں۔

جج نے مزید کہا کہ اس تکبر کو اس کی صحیح جگہ دکھانے کی ضرورت ہے، آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ کب منہ کھولنا ہے، آپ کی جگہ جیل میں ہے۔

یہ پڑھیں: 2 کروڑ جمع کراؤ! عدالت کی راجپال یادیو کو آخری مہلت

یادو کو اب منگل تک ادائیگی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور سپریم کورٹ نے اس معاملے کو بدھ کو سماعت کے لیے پہلے کیس کے طور پر فہرست میں شامل کیا ہے۔

سماعت کے دوران یادو کے وکیل نے 50 لاکھ روپے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ پیش کیا اور عدالت کو بتایا کہ بینک اس پر کارروائی کر رہا ہے لیکن اس اقدام سے بینچ کو زیادہ اطمینان نہیں ہوا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا یہ اصلی ہے یا نہیں؟ ہمیں نہیں معلوم۔

میسرز کے وکیل سنہا نے کہا کہ وہ فلمی اداکار ہیں وہ یہاں بھی اداکاری کر رہے ہیں۔ انہیں ادارے کے وقار کا کوئی احترام نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اس مقدمے کی بنیاد ایک مالی تنازع پر ہے جس کا آغاز 2010 میں ہوا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں