نئی دہلی(11 جولائی 2026): بالی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین راجپال یادیو کی تین ماہ قید کی سزا برقرار رکھتے ہوئے انہیں کروڑوں روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے چیک باؤنس کے مقدمات میں بالی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین راجپال یادیو کی تین ماہ قید کی سزا برقرار رکھتے ہوئے انہیں کروڑوں روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ عدالت نے ان کی اہلیہ رادھا یادیو کو بھی شکایت کنندہ کو ہرجانہ دینے کی ہدایت کی ہے۔
دہلی ہائی کورٹ کی جسٹس سورنا کانتا شرما نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ راجپال یادیو کو تمام 7 مقدمات میں تین تین ماہ قید کی سزا دی جائے گی، تاہم یہ تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے اداکار کو اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت دی ہے۔
عدالت نے راجپال یادیو کو حکم دیا ہے کہ وہ ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو 1.05 کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کریں۔ اس کے علاوہ انہیں شکایت کنندہ کو مزید 1.04 کروڑ روپے اور ریاست کو 25 ہزار روپے بھی ادا کرنے ہوں گے۔
Lifestyle News – Latest Entertainment News, Celebrity Gossip
عدالت نے راجپال یادیو اور ان کی اہلیہ کو ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو 5.51 لاکھ روپے الگ سے ادا کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ تاہم عدالت نے واضح کیا کہ راجپال یادو کی جانب سے پہلے سے ادا کیے گئے 2.25 کروڑ روپے کو مجموعی واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کر لیا جائے گا۔
عدالت نے مقدمے کے دوران راجپال یادیو کے رویے اور طرز عمل کے باعث انہیں پروبیشن کا فائدہ دینے سے صاف انکار کر دیا اور ہدایت کی کہ وہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے عائد کردہ جرمانہ فوری ادا کریں۔ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں انہیں مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ تنازع سنہ 2010 میں اس وقت شروع ہوا جب راجپال یادو نے اپنی فلم ’اتا پتہ لاپتہ‘ کی تیاری کے لیے ایک ادارے سے 5 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ فلم باکس آفس پر ناکام ہو گئی اور وہ رقم واپس نہ کر سکے، جس کے بعد یہ معاملہ عدالت پہنچا۔
سال 2018 میں ایک ٹرائل کورٹ نے چیک باؤنس کے اس کیس میں راجپال یادو کو قصوروار قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی، اور طویل عرصے سے جاری اس تنازع کے باعث واجب الادا رقم اب بڑھ کر 9 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔


