ہفتہ, اپریل 18, 2026
اشتہار

بالی وڈ اداکار راجپال یادیو گرفتار، تہاڑ جیل منتقل

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی(6 فروری 2026): بالی وڈ اداکار راجپال یادیو نے چیک باؤنس کیس میں خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

بالی ووڈ کے مشہور اداکار راجپال یادیو نے جمعرات کی شام 4 بجے تہاڑ جیل حکام کے سامنے خود سپردگی کر دی ہے۔ یہ قدم دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے میسرز مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے دائر کردہ چیک باؤنس کیس میں ریلیف دینے سے انکار کے بعد اٹھایا گیا۔

بدھ کے روز راجپال یادیو نے گرفتاری سے بچنے کے لیے مہلت مانگی تھی لیکن ہائی کورٹ نے ان کی درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا۔

اداکار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کے موکل نے 50 لاکھ روپے کا انتظام کر لیا ہے اور ادائیگی کے لیے ایک ہفتے کی مزید مہلت درکار ہے، تاہم شکایت کنندہ کو اب بھی 9 کروڑ روپے کی بھاری رقم واجب الادا ہے۔

راجپال یادیو اور ان کی اہلیہ کے خلاف یہ کیس 2018 سے چل رہا ہے جب دہلی کی ایک عدالت نے چیک باؤنس ہونے پر انہیں قصوروار قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔

2019 میں سیشن کورٹ نے بھی اس سزا کو برقرار رکھا جس کے بعد اداکار نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ وکیل کا کہنا تھا کہ فنانسر سے رقم لے کر بنائی گئی فلم باکس آفس پر ناکام ہو گئی تھی جس کی وجہ سے اداکار مالی بحران کا شکار ہوئے۔

جون 2024 میں ہائی کورٹ نے اس شرط پر سزا عارضی طور پر معطل کی تھی کہ اداکار دوسرے فریق کے ساتھ معاملہ حل کرنے کے لیے مخلصانہ کوششیں کریں گے۔

تاہم، 2 فروری کو عدالت نے مہلت میں توسیع سے انکار کر دیا کیونکہ راجپال یادیو اپنے اس وعدے پر پورا نہیں اترے تھے جس میں انہوں نے سات مختلف کیسز میں 1.35 کروڑ روپے فی کیس ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

عدالت نے رجسٹرار جنرل کے پاس اب تک جمع کرائے گئے 75 لاکھ روپے کے دو ڈیمانڈ ڈرافٹس بھی شکایت کنندہ کو جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی اور ادائیگی میں ناکامی کے باعث اداکار کو بالآخر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں